اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری کی ضمانت منظور ہونے پر کہا ہے کہ مخالفین یہ سمجھتے ہیں کہ ہتھکنڈوں سے دباؤ میں آئیں گے تو بتانا چاہتا ہوں دعاؤں میں طاقت ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت سے متلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف رزداری کی میڈیکل رپورٹ تشویشناک ہے، عدالت نے آج آسف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عام کی دعاؤں سے آصف زرداری کو ضمانت ملی ہے، انصاف کی فراہمی پر جج صاحبان کے شکر گزار ہیں، حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہمیں روکنا اور دبانا چاہتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر مخالفین یہ سوچتے ہیں کہ ہم ہتھکنڈوں سے دباؤ میں آئیں گے تو بتایا چاہتا ہوں کہ دعاؤں میں بہت طاقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اب باہر آرہے ہیں وہ جلد اپنا علاج کرائیں گے، سابق صدر شکاری ہیں اور اب وہ کھلاڑی کا شکار کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو فریال تالپور کے کیس میں ہمیں دباؤ میں لانا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کرلی، زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں۔
مزید پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت منظور
خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری نے طبی بنیادوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی، درخواست میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔
آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 10 جون کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا تھا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکیا تھا۔
آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور 17 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر تھے۔