اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سیاحت اور سی پیک کی بدولت گلگت بلتستان معاشی حب بنےگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سے نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے ملاقات کی جس میںگلگت بلتستان کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، مشکل معاشی صورت حال کے باوجود گلگت بلتستان کو کثیر ترقیاتی فنڈز دیے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سیاحت اور سی پیک کی بدولت گلگت بلتستان معاشی حب بنے گا، حکومت ہائیڈل منصوبوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا آغاز حکومت کی بڑی کامیابی ہے، منصوبے سے گلگت بلتستان کو اربوں روپے کی رائلٹی ملے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے تعلیم و صحت کی ترقی کے لیے حکومت نے منظم منصوبہ بندی کی،گلگت بلتستان میں ٹیلی کام کی سہولیات بہتر کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سے متعلق وفاقی حکومت کا تعاون قابل تحسین ہے ،پر امن ماحول میں شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔