ٹھٹھہ : ساحلی علاقے بوھارا کے قریب سمندر میں زائرین کی کشتیاں الٹنے سے 16 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ 20 افراد کو بچالیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق پیر پٹھو کے مزار جانے والے زائرین کی کشتیوں کو ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے میں حادثہ پیش آنے پر دونوں کشتیاں ڈوب گئیں جس کے نتیجے میں 60 افراد سمندر میں گر گئے جن میں 16 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں.
ڈی سی ٹھٹھہ کے مطابق دو کشتیوں میں سوار زائرین پیر پٹھو کے مزار پر جارہے تھے کہ تیز ہواؤں کے سبب کشتیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور کشتیوں میں سوار تمام افراد سمندر میں سے گر گئے.
انہوں نے مزید بتایا کہ 16 زائرین کی لاش نکالی جا چکی ہے جب کہ 20 کو ڈوبنے سے بچالیا گیا ہے اور مزید افراد کی تلاش کا سلسلہ جارہی ہے جب کہ کچھ افراد اپنی مدد آپ کے تحت ساحل سمندر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں.
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو فون کر کے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں اور بعد ازاں کمشنر حیدرآباد کو ریسکیو کا کام تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں.
پولیس کے مطابق زائرین درگاہ پیر پٹھو کے میلے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ بوھارا کے مقام پر حادثہ پیش آگیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں شیخ زائد اسپتال ساکرو منتقل کردیا گیا ہے.
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیوی کی ٹیموں نے ٹھٹھہ کے قریب امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے اور غوطہ خوروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئی ہیں، امدادی ٹیموں میں ریسکیو اہلکار اور میڈیکل اسٹاف بھی شامل ہے۔