اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سستےگھروں کے منصوبے سے روزگار کے دروازے کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، چیف سیکریٹریز اور بینکوں کے حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بینک حکام کی جانب سے سستےگھروں کے لیےقرضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل بینک،بینک آف پنجاب،خیبر بینک قرضہ اسکیم میں لیڈ کریں گے جبکہ باقی تمام بینک ہاؤسنگ منصوبوں کی قرض اسکیم میں 3 بینکوں کی تقلید کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے سستےگھروں کی تعمیر کے راستےمیں ہر رکاوٹ ہٹانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سستےگھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے،سستےگھروں کے منصوبے سے روزگار کے دروازے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سستےگھروں کے تعمیراتی کام سے17 صنعتیں فوری بحال ہو جائیں گی،پاکستان کو جلد اکانومی ڈپریشن سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ گھر بنیں گے، وزیراعظم
اس سے قبل رواں سال 10 جولائی کو وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ میں پہلے مرحلے میں ایک لاکھ گھر بنیں گے، پروجیکٹ کے لیے 30 ارب کی سبسڈی دی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ بینک سے جو قرضہ لیا جائے گا 5 مرلے کے گھر پر 5 فیصدسود دینا ہوگا، پہلے مرحلے میں 10 مرلے کے گھر کے لیے 7 فیصد سود دینا ہوگا۔