تازہ ترین

کروناوائرس کا خطرہ، 1 کروڑ 10 لاکھ افراد گھروں میں محصور

وہان: چین میں مہلک کرونا وائرس نے نظام زندگی مفلوج کردیا، ایک کروڑ دس لاکھ آبادی والا شہر سنسان ہوگیا اور ہر طرف ہو کا عالم ہے، انتظامیہ نے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی شہر ’’وہان‘‘ میں کروناوائرس سے بچنے کے لیے شہری گھروں میں محصور ہوگئے، کوئی بھی شخص بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے سے قاصر ہے، جبکہ انتظامیہ نے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

امریکی سیاح نے چینی شہر وہان میں اس سناٹے کے مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین اسٹیشن، بس اسٹاپ سمیت تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ جبکہ کاروباری مراکز بھی مکمل طور پر بند ہیں۔

چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 106 ہو گئی

خیال رہے کہ چین میں کروناوائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک سو چھ ہو گئی، جب کہ ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ چکی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرین میں سب سے کم عمر 9 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے چین کا صوبہ ہوبائی سب سے زیادہ متاثر ہے، چین بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 4515 ہو چکی ہے، یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کرونا وائرس ہوبائی کے مرکزی شہر ووہان کی فوڈ مارکیٹ سے نکل کر پھیل رہا ہے، جس نے اب ساری دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

Comments

- Advertisement -