بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

روس نے شام میں داعش کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: روس نے شام میں عسکریت پسند تنظیم داعش کے خلاف واضح حکمت عملی تیار کرلی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شمالی شامی صوبے ادلب میں عسکریت پسندوں کے خلاف قائم کردہ اتحاد نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کردیے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میرپیوٹن کا کہنا ہے کہ شمالی شامی صوبے ادلب میں باغیوں کی جانب سے جارحانہ اقدامات کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادلب میں غیر عسکری علاقے کا قیام ایک عارضی اقدام تھا، شام سے امریکی فوجی انخلا معاملات کے حل میں موثر ثابت ہوگا۔

علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے امریکی فوج کے انخلا کا اعلان کیا ہے تاہم اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا، ٹرمپ کے اپنے ہی لوگ اس فیصلے کے خلاف ہیں۔

روس اور ترکی نے گزشتہ برس شمالی شام میں ایک غیر عسکری علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

افغانستان اور شام سے امریکی فوجی انخلا کا فیصلہ سینیٹ نے مسترد کردیا

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔

شام سے امریکی فوج کے انخلا سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

خیال رہے کہ داعش کے خلاف شام میں صدر باراک اوبامہ نے پہلی مرتبہ سنہ 2014 میں فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور 2015 کے اواخر میں اپنے 50 فوجی بھیج کر باضابطہ شام کی خانہ جنگی میں حصّہ لیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں