The news is by your side.

Advertisement

بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی

کوئٹہ: بلوچستان میں ہونے والی حالیہ موسلادھار بارشوں سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ بارشوں سے جاں بحق افرادکی تعداد 13ہوگئی ہے، جاں بحق افراد میں 3 بچے اور دوخواتین بھی شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے، بارشوں سے 861مکانات مکمل جبکہ 46 جزوی متاثر ہیں، 8مقامات پر شاہراہیں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔ 2پل اور 1ڈیم متاثر ہے، بولان میں واقع پنجرہ پل تاحال بحال نہ ہوسکا جبکہ ایم 65 شاہراہ بند ہے، پنجرہ پل سے کوئٹہ اور سبی کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

مون سون بارشوں سے بلوچستان میں تباہی، 300 سے زائد دیہات زیرآب

سیلابی صورتحال سے متاثر علاقوں میں ریلیف سامان پہنچا دیا گیا، چند ایک مقامات پر امدادی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ بولان میں 5 روز قبل سیلاب سے متاثرگیس لائن کی بحالی پر کام کررہے ہیں، گیس لائن متاثر ہونے سے کوئٹہ، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت میں گیس منقطع ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ کوئٹہ سبی آمدورفت کے لیے شٹل ٹرین سروس چلائی جا رہی ہے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے پنجرہ پل کی مرمت میں مصروف ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں