فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ رواں مالی سال ریفنڈز ادائیگی ،سمگل شدہ اشیاء کی ضبطگیاں اور انکم ٹیکس گوشوارے وصول ہونے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔
رواں مالی سال جولائی تا دسمبر144 ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال اس عرصہ میں جاری کردہ ریفنڈز 76ارب روپے کے تھے۔اس طرح پچھلے سال کے مقابلے میں رواں سال 89 فیصد اضافہ ہوا۔
ریفنڈز میں اضافہ کے باوجود ایف بی آر نے رواں مالی سال نومبر تک پچھلے سال نومبر کے محاصل کے مقابلے میں زائد ریونیو حاصل کیا ہے۔ریفنڈز اضافہ کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔
کورونا وبا کے باعث معیشت کی سست روی اور حکومت کا فنانس ایکٹ 2020 میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں خاطر خواہ ٹیکس ریلیف دینے کے باوجود ایف بی آر نے محاصل کے حصول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔