سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج سنچورین میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو دوہزار پندرہ کے بعد مختصر فارمیٹ میں تین میچ کی سیریز میں کلین سوئپ کا خطرہ ہے۔
پاک کے سرپر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے ہیں، ٹیم سیزیر کے دوران تینوں فارمیٹ میں ناکام نظر آئی، آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین اب بقا کی جنگ لڑیں گے۔
پاکستان کو مختصر فارمیٹ میں صرف ایک بار انگلینڈ سے تین میچ کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، سنچورین میں پروٹیز تاریخ بنانے اور شاہین عزت بچانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
خیال رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی تھی، بابر اعظم نے 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 55 رنز اسکور کیے بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔
دوسرا ٹی ٹوینٹی: جنوبی افریقا نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی
جنوبی افریقہ نے بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا تھا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی تھی، ڈیوڈ ملر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔