سابق جنوبی افریقی کپتان شان پولاک نے نوجوان کو بابر اعظم سے تکنیک سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
پی سی بی کے براڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شان پولاک نے کہا کہ بابراعظم کی کپتانی سے متاثر ہوا ہوں، کسی نوجوان کرکٹر کو بیٹنگ کی تکنیک سیکھنی ہیں تو بابراعظم کو دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سیریز سے ہر کپتان کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے کوویڈ 19 کے چیلنجز میں مثبت کرکٹ کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو متاثرکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے مجموعی طور پر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے ٹاپ آرڈر نے شاندار بیٹنگ کی، فخر زمان، امام الحق اور بابراعظم کی کارکردگی بہترین رہی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 10 اپریل کووانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
چار میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔