اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کورونا کےخلاف نجی ٹیچنگ اسپتالوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی ٹیچنگ اسپتالوں کو مراسلہ لکھ کر ہدایات دیں ہیں کہ وفاق کےنجی ٹیچنگ اسپتال نصف مریضوں کامفت علاج معالجہ کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی ٹیچنگ اسپتال پی ایم ڈی سی قواعد پر عملدر آمد کے پابند ہیں ان قواعد کے تحت نجی اسپتالوں کو نصف مریضوں کے مفت علاج کا پابند بنایا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کورونا کے پیش نظر ملک میں ہیلتھ کیئر ایمرجنسی کی صورتحال ہے اور وبائی صورتحال کےپیش نظرنجی ٹیچنگ اسپتال اپناکردار ادا کریں۔
مراسلے میں ہدایات دی گئی ہیں کہ نجی ٹیچنگ اسپتال نصف بیڈز،لیبارٹری سروسز،ادویات بلامنافع فراہم کریں جب کہ مریضوں کوفراہم کردہ سہولیات کاریکارڈ مرتب کریں۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی نجی ٹیچنگ اسپتالوں کامعائنہ کرے گی اور ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے گا، قانون شکن نجی ٹیچنگ اسپتالوں کےخلاف انضباطی کارروائی کی جائےگی، خلاف ورزی کرنے والے نجی ٹیچنگ اسپتالوں کی رجسٹریشن منسوخ،سیل اور جرمانےہوں گے۔