The news is by your side.

Advertisement

پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہوگئی

بیرون ملک سفر کے خواہش مند پاکستانیوں کی مشکل آسان کردی گئی، اب انہیں ‘ایسٹرا زینیکا’ کی پہلی خوراک پر بھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

اکثر شہری ویکسین کی پہلی خوراک لیے بیٹھے ہیں لیکن بیرون سفر کے لیے ‘ویکسینیشن سرٹیفکیٹ’ کی شرط کے باعث سفر نہیں کرسکتے کیوں کہ ویکسین کی مکمل دونوں ڈوز کے بعد ہی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوتا ہے لیکن اب یہ مسئلہ حل ہوگیا، ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی خوراک لیتے ہی سرٹیفکیٹ ملے گا۔

حکومت نے بیرون ملک سفر کے لیے ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک پر سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت سجاد شاہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کے بیرون سفر میں پریشانیاں پیش نہ آئیں اس لیے کورونا ویکسین کا جزوی سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا نے بھی پہلی خوراک پر ہی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کے خواہش مند مسافروں کو اب دوسری ڈوز اور سرٹیفکیٹ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، سفری دستاویزات مکمل ہونے پر جزوی سرٹیفکیٹ دے دیا جائے گا۔

ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کیا جائے؟

وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلی ڈوز لینے پر انہیں ایسٹرازینیکا ویکسینیشن سینٹر سے ہی جزوی سرٹیفکیٹ ملے گا، نادرا پر اندراج کرانے یا دیگر مراکز پر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

سجاد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے بعد سرٹیفکیٹ دکھا کر کہیں سے بھی ویکسین کی دوسری خوراک لی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے سفری مسائل حل کرنے کے لیے ایسٹرا زینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دی ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں