اسلام آباد: کرونا وائرس کے ملک بھر میں فرنٹ لائن ورکرز پر وار جاری ہے، کرونا سے متاثرہ ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 4787 ہوگئی، جبکہ اب تک 48 ہیلتھ کیئرورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے کرونا سے متاثر ہونے والے ہیلتھ ورکرز کی رپورٹ وزارت قومی صحت کو ارسال کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کرونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرزکی تعداد اضافے کے بعد 4 ہزار 787 تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں مزید 116ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس کا شکار ہوئے، جن میں 80 ڈاکٹرز،11 نرسز، 25 پیرامیڈکس شامل ہیں۔
وزارت صحت کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک 2 ہزار 910 ڈاکٹرز،1300 اسپتال ملازمین تاحال کرونا پازیٹو ہو چکے ہیں،کرونا کا شکار 2500 ہیلتھ کیئر ورکرز گھروں میں قرنطینہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں 321 کرونا پازیٹو ہیلتھ ورکرز اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 315 ہیلتھ کیئر ورکرز کی حالت تسلی بخش ہے، 1918 ہیلتھ ورکرز تاحال کورونا سےصحت یاب ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کرونا سے 2 ہیلتھ کیئر ورکرزجاں بحق ہوئے، جس کے بعد اب تک سندھ کے18،کےپی میں 10، بلوچستان کے 5، گلگت بلتستان کے 3، پنجاب کے 8، اسلام آباد کے 4 ہیلتھ ورکرز کرونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔