The news is by your side.

Advertisement

زیادتی میں ملوث اصل مجرمان تک جلد پہنچ جائیں گے: وزیرقانون پنجاب

لاہور: وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ جلد از جلد اصل مجرموں تک پہنچیں گے، موٹروے پر زیادتی میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کے بعد بھرپور طریقے سے پراسیکیوشن کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ تمام پہلوؤں کا مدنظر رکھ کر تفتیش کی جائے گی، ہم سمجھتے ہیں سی سی پی او لاہور کا بیان مناسب نہیں تھا، اندرونی معاملات میں الجھے تو اصل مقصد تک نہیں پہنچ پائیں گے، ایک میٹنگ ہم کرکے آئے ہیں واپس جاکر پھر میٹنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پر افسوسناک واقعہ رونما ہوا، تفتیشی ٹیمیں واقعے کی تحقیقات کررہی ہیں، کل رات وزیراعلیٰ نے میری سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی، تحقیقاتی کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے، خصوصی کمیٹی تفتیش کے عمل کی مکمل نگرانی کررہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرائم سین سے شواہد فرانزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں، خاتون کا میڈیکل چیک اپ ہوچکا ہے، اس پر بھی کام ہورہا ہے، پنجاب حکومت کی ترجیح یہی ہے کسی بھی طرح اصل مجرم تک پہنچیں، اس وقت تمام ترتوجہ صرف اس کیس کی تفتیش پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک لاہور پولیس کیلئے چیلنج ہے، پنجاب حکومت کیلئے بھی چیلنج ہے کہ مجرم کو سامنے لانا ہے، وزیراعلیٰ ،مجھ سمیت تمام عوام کو اس واقعے پر بہت افسوس ہے، آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو تجاویز بھی دیں گے، پیٹرولنگ اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے تجاویز دیں گے۔

راجہ بشارت کا مزید کہنا تھا کہ تھانوں کے امور، پولیس کی کارکردگی بنانے کیلئے کام کریں گے، شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، واقعے پر عوامی ردعمل ضرور آیا ہے، جو عام شہری کے جذبات ہیں وہی حکومت کے ہیں، ایسا بالکل نہیں کہ حکومت کو عوام کے جذبات کا ادراک نہیں ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں