تازہ ترین

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

لندن: برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دونوں کی شادی کو سال کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جارہا ہے۔

برطانیہ کی شاہی شادی کا باقاعدہ آغاز لندن کے وقت کے مطابق 11 بجے سے ہوا تھا تاہم شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازوداج میں منسلک ہوگئے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی میں شریک ہونے کے لیے ڈیوڈ اور ویکٹوریہ بیکھم، ایل ٹن جون، جورج اور امل کولونی سمیت 600 کے قریب مہمان سینٹ جارج چیپل میں  شریک ہیں۔

قدیم قلعے کے باہر شاہی جوڑے کو دیکھنے کے شائق ہزاروں افراد عارضی کیمپ بنائے بیٹھے ہیں اور شاہی شادی کے لیے نہایت پرجوش ہیں۔ بی بی سی اور سی سی این سمیت متعدد برطانوی و امریکی چینلز پر صبح صادق سے ہی لائیو کوریج کی جارہی ہے۔

شادی کی تقریب لندن سے دور دریائے ٹیمز کے کنارے واقع ونڈسر نامی قلعے کے سینٹ جارج چیپل میں ہورہی ہے جو گزشتہ 1 ہزار برس سے شاہی خاندان کے زیر استعمال ہے۔

دلہن میگھن مرکل اپنی والدہ کے ساتھ کلائیویڈن ہوٹل سے ونڈسر کیسل کے گرجا گھر پہنچ چکی ہیں اور شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔

گرجا گھر کے راستے تک میگھن کی والدہ ان کے ساتھ سفر کریں گی تاہم چرچ پہنچنے کے بعد میگھن کی والدہ اتر کر اندر چلی جائیں گی جس کے بعد میگھن روایت کے برخلاف گاڑی سے اتر کر چرچ تک اکیلی جائیں گی۔

بعد ازاں ولی عہد شہزادہ چارلس ان کا ساتھ دیں گے اور انہیں اس مقام تک لے جائیں گے جہاں شادی کے ایجاب و قبول ہوں گے۔

مسیحی روایات کے مطابق گاڑی میں اور بعد ازاں پادری کے سامنے تک پہنچنے کا سفر دلہن اپنے والد کے ساتھ طے کرتی ہے تاہم میگھن کے والد ناسازی طبیعت کی وجہ سے شادی میں شرکت سے قاصر ہیں جس کے بعد اطلاعات تھیں کہ یہ روایت میگھن کی والدہ نبھائیں گی۔

تاہم گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میگھن نے اس کے لیے ہیری کے والد شہزادہ چارلس سے درخواست کی ہے۔ ’شہزادہ چارلس اس طریقے سے میگھن کو شاہی خاندان میں خوش آمدید کہنے میں نہایت خوشی محسوس کریں گے‘۔

شاہی شادی میں 600 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مزید 12 سو افراد بھی شرکت کریں گے جو اپنی کمیونٹیز کے لیے مختلف خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

شادی میں دلہے کی آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا کی 3 بہنیں بھی شرکت کریں گی۔ ان میں سے ایک لیڈی جین فیلو ’سانگ آف سالومن‘ کتاب سے اقتباس پڑھیں گی۔

شاہی جوڑے کے ایجاب و قبول کے بعد جوڑا بگھی میں ونڈسر کی سڑکوں سے ایک جلوس کی صورت گزرے گا۔ اس کے بعد قلعے میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

بعد ازاں شام کے وقت دلہے کے والد شہزادہ چارلس فروگمور ہاؤس میں استقبالیہ دیں گے جس میں 200 قریبی عزیز و اقارب اور دوست شرکت کریں گے۔

شادی میں پہننے کے لیے دلہن کا لباس اور اسے تیار کرنے والا ڈیزائنر تاحال صیغہ راز میں ہے۔ سی این این کے مطابق دلہن کا لباس 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی خطیر رقم سے تیار کیا گیا ہے۔

گو کہ محل کی جانب سے شاہی شادی پر اٹھنے والے اخراجات کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم بی بی سی کا دعویٰ ہے کہ شادی پر 3 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈز کے اخراجات آئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق صرف سیکیورٹی انتظامات پر 63 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز خرچ ہوئے ہیں۔


شہزادے کی رومانوی داستان

شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے درمیان دوستی کی خبریں ستمبر 2016 میں سامنے آئیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات ایک چیریٹی پروگرام میں ہوئی تھی۔

ایک سال کے دوران ہیری نے اپنے خاندان کے مختلف افراد سے میگھن کی ملاقات کروائی اور بالآخر گزشتہ برس نومبر میں شاہی محل کی جانب سے دونوں کی منگنی کا اعلان کیا گیا۔

میگھن مرکل ان دنوں امریکی ٹی وی سیریز سوٹس میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی تھیں تاہم شاہی خاندان سے منسلک ہونے کے بعد اب انہوں نے اداکاری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -