لاہور: وزیرصنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی طرح پاکستان کو بھی کرونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے، خدانخواستہ کرونا پھیلا تو سخت فیصلے کیے جاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں میاں اسلم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، عوام احتیاط کریں اور ماسک کی پابندی کریں، کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر نے اپیل کی کہ مارکیٹوں میں کرونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خدانخواستہ کرونا پھیلا تو سخت فیصلے کیے جاسکتے ہیں، ملک کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش کا متحمل نہیں ہوسکتا، شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
ملک میں کرونا سے صحت یاب مریضوں کے لیے بری خبر
واضح رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اپنے تازہ اعدادوشمار میں بتایا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 128 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہو گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید انیس افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہو گئی ہے، جب کہ 1 ہزار 379 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔