کرکٹ میں شائقین کی رونقیں بحال ہونے لگیں، نیوزی لینڈ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں کورونا وبا کو دوبارہ شکست دینے کے بعد اب شائقین اسٹیڈیمز میں موجود ہوں گے، یہ پہلا موقع ہوگا کہ مہلک وبا کے دوران شائقین اسٹینڈز میں بیٹھ کر مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی فروخت جاری ہے اور بڑی تعداد میں شائقین نے ٹکٹیں خریدی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، گرین شرٹس دورے میں 3ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیم کو دورہ سے پہلے 14دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا، پاکستان ٹیم 18 دسمبر کو دورے کا آغاز آکلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سے کرے گی۔
شیڈول کے مطابق دوسرا ٹی ٹوئنٹی 20 دسمبر کو ہیملٹن اور تیسرا 22 دسمبر کو نیپیئر میں ہوگا۔اسی طرح پہلا ٹیسٹ ٹار نگا میں 26 دسمبر اور دوسرا 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا، پاکستان سے پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔