اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت نہیں ہونی چاہیے، اشیا کی قلت ہوئی تو افراتفری پیدا ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل وحرکت کو یقینی بنایا جائے، وزیر مواصلات گڈز ٹرانسپورٹ کی دستیابی یقینی بنائیں گے، گڈز ٹرانسپورٹ کا عملہ وزارت صحت کی ہدایات پر عمل کرے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت نہیں ہونی چاہیے، اشیا کی قلت ہوئی تو افراتفری پیدا ہوسکتی ہے، اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ ریلوے فریٹ کے نظام کو جاری رکھےگی اور ٹرانسپورٹ کے لیے کم سے کم عملہ استعمال کیا جائےگا۔
وزیراعظم کی کرونا کے خلاف تمام ملکی وسائل استعمال کرنےکی ہدایت
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے خلاف تمام ملکی وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ این ڈی ایم اے ملک کی ہر قسم کی پیداواری صلاحیت استعمال کرے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر میڈیکل سے متعلقہ افراد کو ضرورت کا ہر سامان دیں اور بیرون ملک کمپنیوں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے۔