تازہ ترین

بریگزٹ ڈیل میں ناکامی، برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا

لندن: بریگزٹ ڈیل میں پارلیمنٹ سے ناکامی کے بعد برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تھریسامے نے کہا ہے کہ بریگزٹ ڈیل مکمل ہونے پر وزارت عظمیٰ چھوڑ دوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کنزرویٹو پالیمنٹری گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریگزٹ پر ہونے والے آئندہ مذاکرات میں حصہ بھی نہیں لوں گی۔

دوسری جانب رکن پارلیمنٹ نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے حوالے سے کہا ہے کہ برطانوی وزیراعظم معاہدے کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد مستعفی ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل سے متعلق وزیراعظم تھریسامے سے اختیار واپس لے لیا تھا اور تین جونیئر وزراء بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: برطانوی پارلیمنٹ نے تھریسا مے سے بریگزٹ کا اختیار چھین لیا

برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاملے پر حکومتی اختیارات پر ووٹنگ ہوئی، جس میں حکومت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ اراکین پارلیمنٹ نے بریگزٹ معاملے پر حکومت سے اختیار چھین لیا، دارالعوام میں پیش قرارداد میں حکومت کو 302 کے مقابلے میں 329 ووٹوں سے ناکامی ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مستعفی ہونے والے جونیئر وزراء میں بزنس منسٹر ریچرڈ ہریگٹن، فارن آفس منسٹر الیسٹر برٹ اور ہیلتھ منسٹر اسٹیو برین شامل تھے۔

غیر ملکی میڈیا نے خیال ظاہر کیا تھا کہ تھریسامے شدید ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہیں، جبکہ برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہیمنڈ نے سینئر وزاء کی جانب سے تھریسا مے کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا تھا تاہم اب تھریسامے نے خود مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔

Comments

- Advertisement -