اتوار, مارچ 23, 2025
اشتہار

لوہے کا ڈھکن چُرانے والا چور گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھتی چلی جارہی ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی کے شہری خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔

ایک ایسا ہی واقعہ کراچی کے علاقے گرومندر پر پیش آیا ہے جہاں ایک سیکیورٹی گارڈ نے محض لوہے کا ڈھکن چُرانے والے شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

گرومندر پر سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے مبینہ چور ہلاک ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم لوہے کا ڈھکن چراتے ہوئے لے جارہا ہے۔

ملزم کا ساتھی باہر موٹرسائیکل پر موجود تھا، دونوں ملزمان کے فرار ہونے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی گارڈ اچانک سامنے آگیا جسے دیکھ کر ملزمان گھبرا گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ نے بغیر کسی تاخیر کے ملزمان پر دو فائر کیے، گولیاں لگتے ہی ایک چور زمین پر گر کر ہلاک ہوگیا

واقعے کے بعد جمشید کوارٹرز پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے کر اس کا اسلحہ تحویل میں لے لیا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد سیکورٹی گارڈ کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار دوسرا ملزم بھی زخمی ہوا تھا جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹر ماجدکورائی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزم پٹرول پمپ پر موجود ڈھکن کو چرا کرلے جا رہا تھا، واقعےسےمتعلق مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں