اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب اور نادار طبقے کے علاج کیلئے صحت انصاف کارڈ متعارف کرایا، صحت انصاف کارڈ کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ملک بھر میں کوئی شوگر مل نہیں ہے، عمران خان نے دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے گوداموں سے گندم کی چوری پر نیب میں تحقیقات جاری ہیں، سندھ کی ترقی کا پیسہ جعلی اکاونٹس کے ذریعے ان کی جیبوں میں گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں شیلٹڑ ہومز کی تعداد 200 کے قریب ہوچکی ہے، سی پیک دوسرے مرحلے میں زراعت اور آئی ٹی میں تیزی سے کام جاری ہے، حکومت نے غریب اور نادار طبقے کے علاج کےلیے صحت انصاف کارڈ متعارف کرایا۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا، دنیا بھر میں وزیر اعظم کے 10 ارب درختوں کی کاشت کے منصوبے کی تعریف ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار اور غریب طبقے کےلیے ملک بھر میں ہاوسنگ منصوبہ شروع کیا۔
مرادن سعید کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اب پاکستان کی شناخت دہشت گردی کے بجائے سیاحت سے ہوتی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 100 ارب روپے کی لاگت سے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا، روٹی اور مکان کا نعرہ لگانے والوں کو ہمیں لیکچر دینے پر شرم آنی چاہیے۔