کراچی : تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے موت اور قبر تیار ہونے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ،اگر حادثاتی موت بھی آتی ہے تو اس کے ذمہ دار سی ای او کےالیکٹرک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کےشکر گزار ہیں جو مشکل وقت میں ساتھ ہیں، مجھ سمیت ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں پر ایف آئی آر کاٹی گئی۔
شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ ٹمبر مارکیٹ کروڑوں روپےکا صرف سیلزٹیکس ادا کرتی ہے، ہمارے پاس دنیا کے مختلف ممالک سے سفاتکار یہاں کاروبار کیلئے آتے ہیں۔
تاجر رہنما نے انکشاف کیا کہ مجھے موت اور قبر تیار ہونے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اگر حادثاتی موت بھی آتی ہے تو اس کےذمہ دار سی ای او کے الیکٹرک ہوں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگرحکومت ناخوش ہے تو ہم کاروبار بند کرکے ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
گذشتہ روز ، چیئرمین تاجر ایکشن کمیٹی شرجیل گوپلانی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا بجلی کے اضافی بل ادا نہیں کرسکتے ،پچھلے ڈیڑھ سال سے صرف دوپہرڈھائی بجے سے 4بجے تک بجلی ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال یا دھرنےسے متعلق منگل کواجلاس میں فیصلہ کریں ، حکومت رٹ قائم کرناچاہتی تو تاجر ساتھ دیں گے۔