پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو لوٹنے والے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن پولیس نے ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا، جن کی شناخت 25 سالہ احمد بانا، 24 سالہ نور الامین اور 20 سالہ دانتے کیمبل کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان کو آج مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمان کا تعلق شمالی لندن سے ہے اور ان پر ڈکیتی کی فرد جرم عائد کی گی ہے۔ جبکہ احمد بانا اور دانتے کیمبل پر نقلی گن رکھنے کی بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دو ماہ قبل مشرقی لندن کے علاقے لیئٹن میں گن پوائنٹ پر باکسر عامر خان کو لوٹ لیا گیا تھا۔ 35 سالہ سابق باکسر 18 اپریل کو اپنی اہلیہ اور دوست کے ہمراہ لیئٹن کے علاقے میں ریسٹورنٹ سے کھانا کھا کر نکلے ہی تھے کہ انہیں چند افراد نے گن سے دھمکا کر 72 ہزار پاؤنڈ کی گھڑی چھین لی تھی۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب عامر خان کو لوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، 2012 میں بھی مسلح افراد نے ان سے ایک لاکھ پاؤنڈ مالیت کی گاڑی چھین لی تھی۔