ملکوال: پنجاب کے حلقے پی پی 68 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قمر خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
قمر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہدا کی یادگار اور دفاعی تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، پاک فوج اس ملک کی محافظ ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی شرپسند کارروائیوں کی مذمت کرتا ہوں، آئندہ سیاسی لائحہ عمل سپورٹرز کی مشاورت سے طے کروں گا۔
ادھر رہنما پی ٹی آئی رضا نصر اللہ گھمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
رضا نصر اللہ گھمن نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر پوری قوم کے دل افسردہ ہوئے، 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں، کچھ عرصے کیلیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خواتین کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی سابقہ ایم پی اے عائشہ اقبال نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ خون خرابے کی سیاست برداشت نہیں اس لیے پارٹی چھوڑ دی، کروڑوں کی آفر ہوئی لیکن لوٹا کریسی منظور نہیں۔