کراچی : پاکستان میں کورونا کی دوسری قسم سے متاثرہونے والے 3مریض صحت یاب ہوگئے ، متاثرہ تینوں افراد 29 دسمبرکو برطانیہ سے کراچی پہنچے تھے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے پاکستان آنے والے کورونا کی دوسری قسم سے متاثرہ 3 افراد صحت یاب ہوگئے ، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ تینوں مریض 14دن نجی اسپتال کی آئسولیشن میں رہے تاہم تینوں مریض کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ٹیسٹ منفی آئے، متاثرہ تینوں افراد 29 دسمبر کو کراچی پہنچے تھے۔
یاد رہے محکمہ صحت سندھ نے برطانیہ سے آنے والے 12 میں سے 3 مسافروں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ برطانیہ سے آنے والے 12 مسافروں میں سے 6 کرونا وائرس مثبت ہیں، 6 میں سے 3 کرونا مثبت کیسز نئے وائرس سے مشابہ ہیں۔ وائرس جینو ٹائپنگ کی قسم سے بھی مشابہت رکھتا ہے جو برطانیہ میں سامنے آیا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ مسافروں سے رابطے میں آنے والے افراد کی معلومات لی جارہی ہے، رابطے میں آنے والے تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ ہوں گے۔
خیال رہے برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر کے باعث پاکستان نےآنے والے مسافروں پر عارضی سفری پابندیوں کی مدت میں توسیع کر دی تھی۔
پاکستان واپس آنے والوں کے لیے فلائٹ سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر نیگیٹو ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ برطانیہ سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک ہفتے کا قرنطینہ بھی لازمی ہوگا۔
این سی او سی کی جانب سے سول ایوی ایشن کو پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کی گئی تھی اور تاکید کی گئی تھی کہ ایک ہفتے کے دوران برطانیہ سے آنے والے تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ کرایا جائے۔