گھوٹکی: صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں دیرینہ تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی کے علاقے کھینجو میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین موٹرسائیکل پرعدالت میں پیشی پر جا رہے تھے کہ رینی کینال پل کے مقام پر گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کی بنا پر پیش آیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تین سال قبل کوری برادری کی لڑکی کو مبینہ اغوا پر کوری برادری کے مسلح افراد نے سیاہ کاری کے الزام میں لوند قبیلے کے ایک شخص کو قتل کیا تھا جس کے جواب میں لوند قبیلے کے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کوری برادری کے قبول کوری اور جلال سمیت تین افراد کو قتل کر دیا۔
مقتولین کے ورثاء نے لاشیں اٹھا کر کھینجو تھانے پر احتجاج کے دوران مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔
یاد رہے کہ 15 اپریل 2019 کو گھوٹکی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔