بھارتی جنگی بحری جہاز میں خوفناک دھماکا

بھارتی جنگی بحری جہاز میں دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں بھارتی جنگی بحری جہاز آئی این ایس رنویر میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3نیوی اہلکار ہلاک ہو گئے جب کہ 10 سے زائد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے واقعہ ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں پیش آیا، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا بحری جہاز کے اندرونی حصے میں ہوا تاہم اس کی نوعیت کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا۔
بھارتی بحریہ کے حکام نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ افسوسناک واقعہ جہاز کے اندرونی حصے میں پیش آیا لیکن کوئی بڑا جانی و مادی نقصان نہیں ہوا۔
جہاز کے عملے نے دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو سنبھال لیا ہے اور فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نیوی حکام کا کہنا ہے کہ آئی این ایس رنویر مشرقی بحریہ کمان سے کراس کوسٹ آپریشنل تعیناتی پر تھا اور جلد ہی بیس پورٹ پر واپس آنے والا تھا۔