تازہ ترین

کتوں کو بچاتے ہوئے 3 خواتین نے جان دیدی

براٹسلاوا: یورپی ملک سلوواکیہ میں کتوں کو بچانے کی مہم کے دوران 3 خواتین جان کی بازی ہار گئیں، وزیراعظم نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتےہوئے ’یوم سوگ‘ کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلوواکیہ کے وزیراعظم پیٹر پیلی گرینے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کتوں کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے تین بہادر خواتین سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں جس میں سے ایک کی لاش مل گئی اور 2 کی تلاش جاری ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ دارالحکومت براٹسلاوا سے تین سو کلومیٹر دور واقع ریووکا میں پیش آیا جہاں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی آگئی اور ڈیم میں شگاف پڑنے سے پانی شہر میں داخل ہوگیا۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر شہر میں ایمرجنسی نافذ کی گئی اور شیلٹر ہوم میں موجود جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے مدد کی اپیل کی گئی ۔

علاقہ مکین تین خواتین زوزانا، کٹکا اور زدنکا نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے کچھ کتوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا اور باقی جانوروں کو ریسکیو کرنے کے لیے واپس شیلٹر ہوم جاتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اداروں کی ٹیمیں پہنچ گئیں اور لاپتہ ہونے والی خواتین کی تلاش شروع کردی، طویل جدوجہد کے بعد ایک خاتون کی لاش مل گئی تاہم اس کی دو ساتھیوں کی لاشیں تاحال نہیں مل سکیں۔

وزیراعظم نے اس افسوسناک واقعے پر گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کی بہادری پر قومی سطح پر یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Comments

- Advertisement -