فلوریڈا: چھوٹے بچے بڑوں کی نقل کرنا پسند کرتے ہیں لیکن تین سالہ اساٹ لارسن نے دنیا کی نامور خواتین کی زیبائش کاپی کرکے سب کو حیران کردیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی اس چھوٹی بچی کی والدہ ایشلے نے معروف شخصیات کے ملبوسات پہنا کراس کی تصاویرانسٹا گرام پرشیئر کی ہیں جنہیں بے حد سراہا جارہا ہے۔
اس ننھی پری نے ملالہ یوسفزئی، ٹیلر سوئفٹ، ایما واٹسن، سلینا گومز سمیت متعدد مشہور شخصیات کے ملبوسات پہن رکھے ہیں۔
اسکاٹ لارسن کی والدہ کے مطابق ان کی ننھی پری ہمیشہ سے نت نئے ملبوسات پہننا پسند کرتی ہے اورفوٹو سیشن کرانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسٹا گرام پرتصاویر شیئر کرنے کا خیال اس وقت آیا جب اسکاٹ کی نانی کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئیں۔
ایشلے کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی کی تصاویر لینے کا سلسلہ اپنے آپ کو مصروف رکھنے کے لیے کیا تاکہ وہ اس مشکل وقت کا سامنا کرسکوں، ان کا کہنا ہے کہ میں اسکاٹ کو بتانا چاہتی ہوں کہ خواہ کیسے بھی حالات ہوں خواتین بہت مضبوط ہوتی ہیں بالکل اس کی نانی کی طرح۔
ایشلے اپنی بیٹی کی ہر پسند کا خیال رکھتی ہیں اور معروف شخصیات کے برانڈ اپنی بیٹی کو لا کر دیتی رہتی ہیں۔ ایشلے کے مطابق کبھی پیسے نہیں ہوتے تو بیٹی کے لیے ادھار بھی چیزیں خریدنا پڑ جاتی ہیں۔
تین سالہ ننھی پری کے چہرے پر مسکراہٹ ہر وقت عیاں رہتی ہے اور اسے دوست بنانا بہت پسند ہے کہیں باہر جاتی ہے تو اجنبیوں سے گھل مل جاتی ہے۔
اسکاٹ کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بیٹی کے گالوں پر ہنستے وقت جو گڑھے پڑتے ہیں وہ بہت اچھے لگتے ہیں۔