لندن میں دن دہاڑے سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس میں ایک گاڑی نے خنجر بردار شخص کو کچلنے کی کوشش لیکن ناکام رہا۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن کے مضافاتی علاقے ہین ویل میں ایک واقعے کے دوران خنجر) سے مسلح ایک شخص کو تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مارنے کی کوشش کی۔ واقعہ کا سارا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص فٹ پاتھ پرچلتے ہوئے ہاتھ میں خنجر لہرا رہا تھا کہ اس دوران ایک سفید مرسڈیز گاڑی عقب سے تیزی سے آئی اور اس اچانک اس پر چڑھنے کی کوشش کی، گاڑی کی ٹکر سے قریبی دیوار کا ایک حصہ گرگیا تاہم وہ شخص محفوظ رہا۔
واقعے کے بعد خنجر بردار شخص کو ہنستے ہوئے دیکھا گیا، اس نے موبائل فون نکال کر گاڑی کی ویڈیو بنائی، ڈرائیور کی تصاویر لیں اور گاڑی کا شیشے توڑنے کی کوشش بھی کی، صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈرائیور نے فوراً گاڑی پیچھے کی اور موقع سے روانہ ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ویڈیو سے تو بظاہر یہ واقعہ ممکنہ طور پر آپس میں جان پہچان رکھنے والے افراد کے درمیان پیش آیا ہوا لگ رہا ہے۔
ایک شخص نے بتایا کہ دونوں افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے اور آپس میں بات بھی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ گینگ یا منشیات سے متعلق ہو سکتا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
علاوہ ازیں مقامی پولیس کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں لندن میں تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، رواں ماہ کے آغاز میں آکسفورڈ اسٹریٹ پر بھی اسی طرح کی ایک لڑائی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد پولیس کو علاقے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


