ممبئی: دیوالی پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عامر خان کے کیریر پر سوالیہ نشان لگ گیا.
تفصیلات کے مطابق عامر خان، امیتابھ بچن، کترینا کیف اور فاطمہ ثنا شیخ جیسی بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ٹھگز آف ہندوستان بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم تھی، جس کی تکمیل میں دو سال کا عرصہ لگا تھا.
ناقدین اور شائقین کو فلم سے کئی امیدیں وابستہ تھیں، البتہ فلم باکس آفس پر منہ کے بل گر گئی اور پہلے دن ریکارڈ 52 کروڑکرنے کے باوجود بری طرح فلاپ ثابت ہوئی.
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نہ صرف سال 2018، بلکہ بالی وڈ میں گذشتہ پانچ برس کی بدترین ناکامی تصور کی جارہی ہے.
مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی ہیروئن نے “ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن قرار دے دیا
فلم کی ریلیز کے بعد یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ کیا عامر خان کا کیریر ختم ہوگیا ہے؟
عامر نے فی الحال کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا اور اب ان کی توجہ اپنے ٹی وی شو پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے اگلے ڈیڑھ سال میں ان کی کسی فلم کی ریلیز متوقع نہیں.
یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ عامر خان نے ’’مہابھارت‘‘ پر مبنی میگا بجٹ ویب سیریز کی تیاری کا حتمی فیصلہ کر لیا، جس کی تکمیل میں تین سے چار سال لگ سکتے ہیں ۔
اگر ایسا ہوا، تو "مسٹر پرفیکشنسٹ” اگلے پانچ برس تک بڑے پردے پر دکھائی نہیں دیں گے، جس کے بعد ان کا کم بیک مزید مشکل ہوجائے گا.