ملتان: کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کو یونین کونسل سطح پر متحرک کرنے کے فیصلے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے حلقے کی یو سیز میں ٹائیگر فورس میدان میں اتارنے میں کامیاب ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان میں شاہ محمود قریشی کے حلقے کی گلی محلوں میں ٹائیگر فورس عوام کی مدد کے لیے تیار ہو گئی، شاہ محمود نے اس سلسلے میں 30 یونین کونسلز میں ٹائیگر فورس کے 6 ہزار ممبرز کو تربیت دی۔
شاہ محمود قریشی کی طرف سے ٹائیگر فورس کو گروپس میں تربیت دی گئی، انھوں نے ٹائیگر فورس سے کہیں ویڈیو لنک تو کہیں براہ راست خطاب کیا، فورس کے جوانوں کو یوٹیلیٹی اسٹورز، احساس مراکز، مارکیٹس، اسپتالوں، مساجد سمیت ہجوم والی ہر جگہ پر ڈیوٹی کی تربیت دی گئی۔
ٹائیگر فورس کو اس بات کی تربیت دی گئی کہ کرونا سے خود کیسے بچیں اور لوگوں کو کیسے بچائیں، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس اسمارٹ لاک ڈاؤن میں ضرورت مندوں کی مدد کریں گے۔
کرونا چیلنج: وزارت خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کا فیصلہ
وزیر خارجہ نے ٹائیگر فورس سے آن لائن خطاب میں قومی خدمت کو شعار بنانے کی ہدایت کی اور کہا وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ٹائیگر فورس انسانیت کی خدمت میں لگ جائیں، آپ کا انتخاب انسانیت کی خدمت کے لیے ہے، میں آپ کے ساتھ ہوں۔
شاہ محمود نے کہا ٹائیگر فورس کی رہنمائی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے کرونا کو شکست دیں، مشکل کی گھڑی میں قوم کو ٹائیگر فورس کی مدد کی ضرورت ہے، زین قریشی نے بھی حلقے میں 5 ہزار ٹائیگر فورس کی تربیت کی، میرے اور زین قریشی کے حلقے میں 11 ہزار لوگوں کی خدمت پر مامور ہیں۔