پیر, فروری 16, 2026
اشتہار

ٹک ٹاک نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستانیوں کی کتنی ملین ویڈیوز ہٹائیں؟ ہوشربا رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ٹک ٹاک نے سنہ 2025 کی تیسری سہ ماہی کے لیے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

کمیونٹی گائیڈ لائنز سے ٹک ٹاک کے صارفین کو ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کا عزم ظاہر ہوتا ہے، ماہ جولائی سے ستمبر 2025 کے عرصہ کے اعداد و شمار پر مشتمل یہ رپورٹ اُن پیشگی اقدامات کی تفصیل فراہم کرتی ہے جو ٹک ٹاک نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹنٹ کی نشاندہی اور اُسے حذف کرنے کے لیے کیےہیں تاکہ اپنی عالمی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت تجربہ یقینی بنا سکے۔

ٹک ٹاک نے سنہ 2025 کی تیسری سہ ماہی کے دوران، پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 28,198,284 ویڈیوز حذف کیں، پاکستان میں پیشگی طور پر کنٹنٹ حذف کرنے کی شرح 99.8 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی جبکہ اُن میں سے 95.9 فیصد ویڈیوز، اپ لوڈ کیے جانے کے، 24 گھنٹوں کے اندر حذف کی گئیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی جس طرح ان کاموں کا زیادہ تر حصہ سنبھال رہی ہے، پلیٹ فارم کے تحفظ پر مامور ہماری ٹیمیں اُن شعبوں پر زیادہ وقت صرف کر تی ہیں جہاں انسانی فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے، مثلاً اپیلوں کا جائزہ لینا، بیرونی ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنا، اور تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر مؤثر ردِعمل ظاہر کرنا۔

اس سہ ماہی کے دوران، عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 204 ملین (204,534,932) ویڈیوز حذف کیں جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے کُل کنٹنٹ کا تقریباً 0.7 فیصد بنتا ہے۔

حذف کی گئی ویڈیوز میں سے 186,608,081 ویڈیوز نشاندہی کرنے والی خودکار ٹیکنالوجیز کی نشاندہی پر ہٹائی گئیں تاہم، مزید جائزے کے بعد 8,950,735 ویڈیوز بحال کر دی گئیں، پیشگی طور پر کنٹنٹ حذف کرنے کی شرح 99.3 فیصدرہی، اور نشان دہی کیے گئے کنٹنٹ میں سے 94.8 فیصدویڈیوز پوسٹ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر حذف کردی گئیں۔

ٹک ٹاک کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے، اس سہ ماہی کے دوران پلیٹ فارم نے 118,618,399 جعلی اکاؤنٹس کو حذف کیا اور ساتھ ہی مزید 22,226,542 ایسے اکاؤنٹس بھی حذف کیے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حذف کی گئیں مجموعی ویڈیوز کا ایک نمایاں حصہ یعنی 30 فیصد، ایسے حساس یا بالغ افراد سے تعلق رکھنے والے موضوعات پر مشتمل تھا جو ٹک ٹاک کی کنٹنٹ سے متعلق پالیسیوں سے ہم آہنگ نہیں تھا۔

مزید 15.7 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے معیارکی خلاف ورزی کی تھی، جبکہ 2.7 فیصد ویڈیوز نے رازداری اور سیکیورٹی سے متعلق رہنما اصولوں کی خلاف ورزی پر حذف کی گئیں۔

اس کے علاوہ، حذف کی گئی ویڈیوز میں سے 32.9 فیصد کی غلط معلومات کے طور پر نشاندہی کی گئی جبکہ 34.4 فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ میڈیا اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کنٹنٹ کے طور پر شناخت کیا گیا۔

کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ کی رپورٹ کی باقاعدہ اشاعت ،کنٹنٹ اور اکاؤنٹس کے خلاف کیے گئے اقدامات کی نوعیت اور پیمانے کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتی ہے، جس سے مکمل شفافیت کے لیے ٹک ٹاک کا عزم اجاگر ہوتا ہے۔

سنہ 2025ء کی تیسری سہ ماہی کے بارے میں رپورٹ کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کرنے اور ٹک ٹاک کی کنٹنٹ سے متعلق گائیڈ لائنز، ٹولز اور پالیسیوں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ٹک ٹاک کے ٹرانسپیرنسی سینٹر کا دورہ کیجیے، جو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے۔

رجب بٹ نے ایک ماہ میں ٹک ٹاک لائیو سے کتنا پیسہ بنایا؟ حیران کُن انکشاف

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں