ٹیکسلا : ٹک ٹاکر شمسوعرف عائشہ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تصاویر سامنے آگئیں، دونوں ملزمان ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل پر فرار ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ کے قتل اور ان کی بہن کو شدید زخمی کیے جانے کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔
پولیس نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فرار کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کردہ تصاویر جاری کر دیں۔
حاصل کردہ تصاویر میں دونوں مسلح ملزمان کو بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مفرور ملزمان کے حوالے سے اہم سراغ حاصل کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : شمسو بی بی قتل کیس میں 4 مشتبہ افراد زیر حراست
اس سے قبل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کے 2 مبینہ سہولت کاروں سمیت 4 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ٹک ٹاکر شمسو کو موقع پر قتل اور ان کی بہن کو شدید زخمی کر دیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مقدمے کے متن کے مطابق 14 اگست کو شمسو بی بی کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر فون کال موصول ہوئی، جس میں اسے فوری طور پر گھر سے باہر آنے کو کہا گیا۔
TikToker Shamsoo Bibi CCTV Footage
جس کے بعد وہ 15 سالہ بہن عاصمہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئیں تو کچھ ہی دیر بعد پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
ایک گولی ٹک ٹاکر کی گردن میں لگی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ان کی 15 سالہ بہن عاصمہ بھی شدید زخمی ہوئی۔
مقتولہ کے والد فضل صاحبزادہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جب وہ ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچے تو ان کی بیٹی کا جسد خاکی مردہ خانے میں موجود تھا جہاں انہوں نے لاش کی شناخت کی۔


