جمعرات, اپریل 16, 2026
اشتہار

مستحکم معیشت کے لیے بروقت فیصلے ناگزیر ہیں، شہباز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے اور موجودہ علاقائی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ، منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو آئندہ لائحہ عمل سے متعلق ہدایات دی گئیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو موجودہ علاقائی صورتحال اور اس کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی معیشت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کے مفادات کے مکمل تحفظ کے ساتھ معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ، وفاقی اور صوبائی سطح کے منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین اور وزراء کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی کیونکہ موجودہ مشکل وقت میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس مشکل مرحلے کے گزرنے اور معیشت کے مزید مستحکم ہونے کے بعد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کفایت شعاری، سادگی اور بچت سے متعلق ہدایات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی کیونکہ اس اقدام کا مقصد ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کا بوجھ منصفانہ طور پر سب کو برداشت کرنا چاہیے اور مراعات یافتہ و اشرافیہ طبقات کو ضروری ایڈجسٹمنٹس برداشت کرنے میں مثال قائم کرنی چاہیے۔

اجلاس میں کفایت شعاری اور سادگی سے متعلق متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں ڈیزل، پٹرول اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے پیشگی انتظامات کر رکھے ہیں۔

اس موقع پر توانائی کے استعمال میں دانش مندانہ انتظام اور ایندھن کے محتاط استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کے لیے بند

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں