ٹوبہ ٹیک سنگھ : پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں3ملزمان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ ڈاکو تھانہ رجانہ کی حدود میں لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران علاقہ پولیس کے پہنچنے پرڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے دوران فائرنگ سے 3ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زدمیں آکر مارے گئے ہیں، ہلاک ڈاکوؤں سے اسلحہ، نقدی، اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔