کھیلوں کے حوالے سے سال 2025 پاکستان کے لیے یادگار رہے گا، اس سال پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کامیابیاں حاصل کرکے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی۔
کرکٹ کے بلے باز ہوں یا ایتھلیٹکس اور اسکواش کے چمکتے ستارے، ان سب کھلاڑیوں نے نہ صرف میدان میں خود کو منوایا بلکہ قوم کا سر بھی فخر سے اونچا کردیا۔
زیر نظر مضمون میں سال 2025 کے ان خاص 5 پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی ہے جنہوں نے اپنی قابلیت اور انتھک جدوجہد سے عالمی میڈیا میں بھی جگہ بنائی اور خبروں کی زینت بنے رہے۔
ارشد ندیم :
اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ اور جیولن تھرو کے بے تاج بادشاہ ارشد ندیم نے 2025 میں بھی اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا اور خود کو قومی ہیرو کے طور پر مزید مضبوط کر لیا۔
انہوں نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا اور ریاض میں منعقدہ اسلامک سالیڈیرٹی گیمز میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
اس کے علاوہ ارشد ندیم نے پاکستان نیشنل گیمز میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ دبئی میں ہونے والے گلوبل اسپورٹس سمٹ میں انہیں گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ان کی مسلسل شاندار کارکردگی نے پاکستان میں ایتھلیٹکس کو نئی پہچان دی اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئی۔
نور زمان :
پاکستانی اسکواش نے 2025 میں ایک بار پھر دنیا میں اپنی دھاک بٹھائی، جب اسکواش کے نئے عالمی چیمپئن نور زمان نے خود کو اس کھیل کا نیا ستارہ ثابت کیا۔ 21 سالہ نور زمان نے اپریل میں منعقدہ انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کی اور اس کیٹیگری کے پہلے عالمی چیمپئن بن گئے۔
انہوں نے کینیڈا کے نیش کپ اور سی اے ایس انٹرنیشنل میں بھی کامیابیاں سمیٹیں، جہاں فائنل میں اپنے ہم وطن حمزہ خان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔
سال کے اختتام پر عالمی رینکنگ میں 38ویں نمبر پر پہنچنے والے نور زمان کی فتوحات نے پاکستانی اسکواش میں نئی جان ڈال دی۔
حسن نواز :
کرکٹ کے دیوانے ملک پاکستان میں حسن نواز 2025 کے دوران ایک جارح مزاج ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین کے طور پر ابھرے، جنہیں کرکٹ کا پاور ہٹنگ اسٹار کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
23سالہ کھلاڑی حسن نواز نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز، سب سے زیادہ چھکے اور بلند ترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ان کی نمایاں کامیابیوں میں پہلی بین الاقوامی سنچری، پاکستان کی جانب سے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری، پی ایس ایل میں سنچری اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز شامل ہے۔
ایشیا کپ میں ان کی پاور ہٹنگ نے پاکستان کی بیٹنگ حکمت عملی کو نیا رخ دیا اور وہ پورا سال خبروں میں رہے۔
صاحبزادہ فرحان :
سال 2025 ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ توڑ بلے باز صاحبزادہ فرحان کے نام رہا، جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کی۔ وہ ایک کیلنڈر سال میں 100 چھکے مارنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، یہ کارنامہ انہوں نے صرف 28 میچز میں انجام دیا۔
صاحبزادہ فرحان نے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز اسکور کیے اور اسٹرائیک ریٹ میں بھی کئی عالمی ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار پی ایس ایل سیزن کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے اور سال کے کامیاب ترین پاکستانی بیٹسمین قرار پائے۔
سمیر منہاس :
محض 19 برس کی عمر میں سمیر منہاس نے پاکستانی انڈر 19 کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا۔ انڈر19 کرکٹ کے ریکارڈ ساز نوجوان نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف 113 گیندوں پر ریکارڈ 172 رنز بنا کر پاکستان کو تاریخی فتح دلائی۔
پاکستان نے فائنل میں 347 رنز اسکور کیے اور 191 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ سمیر منہاس کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا، جہاں انہوں نے پانچ میچز میں 471 رنز بنائے۔
سینئر انٹرنیشنل کرکٹر عرفات منہاس کے چھوٹے بھائی سمیر منہاس کی جارحانہ بیٹنگ نے انہیں 2025کے سب سے زیادہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں میں شامل کر دیا۔
واضح رہے کہ سال2025میں ان پانچوں پاکستانی کھلاڑیوں نے نہ صرف ذاتی اعزازات حاصل کیے بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے وقار کو بھی بلند کیا۔
ارشد ندیم کے جیولن تھرو سے لے کر سمیر منہاس کی دھواں دار بیٹنگ تک، یہ سال قومی کھیلوں کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ قوم اور خصوصاً ان کے مداحوں کو آنے والے سال 2026میں بھی ان کھلاڑیوں سے مزید شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں




