کراچی: قومی ایئرلائن کا ٹورنٹو کیلئے فلائٹ آپریشن مزید تعطل کا شکار ہوگیا، اسی ماہ پرواز آپریشنل کرنیکا کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو کےلیے چلائی جانے والی پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے ایئرلائن ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو فلائٹس کیلئے بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کی بروقت مرمت نہیں ہو سکی، ایئرلائن انتظامیہ نے 28 ستمبر کو ٹورنٹو کیلئے پرواز چلانے کا ہدف مقرر کر رکھا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ بوئنگ 777 طیارے کے نئے لینڈنگ گیئر کراچی پہنچادیے گئے ہیں، لینڈنگ گیئر تبدیل کرنے کیلئے ضروری ٹولز شعبہ انجینئرنگ میں موجود نہیں۔
ٹولز ملنے تک قومی ایئرلائن کے بوئنگ 777 ایل آرطیارے گراؤنڈ رہیں گے، قومی ایئرلائن ٹورنٹو کی پروازوں کیلئے 2 بوئنگ 777 ایل آر طیارے استعمال کرتی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ قومی ایئرلائن کی ٹورنٹوکیلئے پروازیں مزید کئی دن تک بحال ہونے کا امکان نہیں ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے دونوں بوئنگ 777 ایل آر طیارے کئی ہفتوں سے گراؤنڈ ہیں، طیاروں کی کمی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کی برطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی میں بھی تاخیر کا خدشہ ہے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


