اسلام آباد : پاناما لیکس کے حوالے سے ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ، اپوزیشن نے تمام حقائق قوم کے سامنے لانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہونے اور حکومت کا اپوزیشن کے نقطہ نظر پر متفق نہ ہونے پر معاملہ بند گلی میں کیسے داخل ہوا اپوزیشن نے حقائق عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز بیرسٹر اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن کا اہم اجلاس ہے جس میں تمام دستاویزات کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ’’ جب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ملزم نہیں تو انہیں کس بات کا ڈر ہے، حکومت ٹی او آرز پر پیش رفت سے کیوں گھبرا رہی ہے‘‘؟۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ سے حکومتی ٹی او آرز مسترد ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کو شامل کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم کے لیے بہتر ہے اپوزیشن کے ٹی او آرز تسلیم کرلیں، خورشید شاہ
تحریک انصاف کے سینئرلیڈر شاہ محمود قریشی نے ناراضی کا اظہار کیا ہے جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی جماعت کے اراکین کو ٹی او آرز کے حوالے سے حکومت کو کسی بھی قسم کی رعایت دینے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔