راولپنڈی (25 ستمبر 2025): بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند کریں گے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
وکلا صفائی نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر اپنی جرح مکمل کریں گے جبکہ توشہ خانہ ٹو کیس کے آخری دو گواہان پر جرح مکمل ہونا باقی رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: 2 اہم گواہان کا بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت کم لگانے کا اعتراف
آج کی سماعت میں جرح مکمل ہونے کا امکان ہے۔ گواہان میں نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسر شاہد پرویز شامل ہیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں اب تک 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ جبکہ 18 جرح مکمل کر لی گئی ہے۔
گزشتہ روز کی سماعت کا احوال
اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران وکلا صفائی نے گواہ نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر ابتدائی جرح کی تھی۔
وکلا صفائی کل (یعنی آج) بھی تفتیشی افسر پر جرح کریں گے۔ کیس میں آخری دو گواہان پر جرح باقی ہے۔ اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی تھی، اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
توشہ خانہ ٹو کیس کیا ہے؟
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پردیاگیا، جیولری سیٹ میں ایک انگوٹھی ، بریسلٹ ، نیکلس ، ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔
ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ شواہدکےمطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کوایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا، سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کرایا گیا۔
ریفرنس میں کہنا تھا کہ بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔
ریفرنس کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔
نیب کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کرسیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے ملکرنیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ، یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پرانکوائری شروع ہوئی، بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


