The news is by your side.

Advertisement

کنٹونمنٹ الیکشن: کامیاب امیدوار کا فیصلہ ٹاس پر ہوگا

کراچی: کنٹونمنٹ الیکشن میں دوبارہ گنتی میں امیدواروں کے درمیان ٹائی ہونے پر ایک وارڈ میں فیصلہ ٹاس سے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کنٹونمنٹ الیکشن کے نتائج کے حوالے سے دوبارہ گنتی میں ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 7 میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے امیدوار میں ٹائی ہو گیا ہے۔

دوبارہ گنتی کے بعد دونوں امیدواروں کو 269 ، 269 ووٹ ملے ہیں، ایم کیو ایم کے امیدوار افضل بھٹی کو 12 ستمبر کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی، اور پی ٹی آئی کے امیدوار واصف علی شاہ نے میدان مارا تھا۔

تاہم اب نتیجہ ٹائی ہونے پر الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن فیصلہ ٹاس کے ذریعے کرے گا۔

دوسری طرف کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 5 میں دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کا امیدوار 5 ووٹ زیادہ لے کر کامیاب ہوگیا ہے، کامران آصف نے 177 ووٹ لیے جب کہ مسلم لیگ ن کے ملک جاوید اقبال 172 ووٹ لے ہار گئے۔

12 ستمبر کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ملک جاوید اقبال 182 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، جب کہ پیپلز پارٹی کے کامران آصف کے 179 ووٹ تھے، انھیں 3 ووٹوں سے شکست ہو گئی تھی۔

ادھر ملیر کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 4 میں بھی الیکشن کمیشن کے حکم پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف پھر جیت گئی ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار ملک امان اللہ خان 365 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم سید 346 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، 12 ستمبر کو بھی نتیجہ یہی تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں