ایبٹ آباد : پاکستان کے مقبول ترین پُر افضاء مقامات بالخصوص گلیات اور نتھیا گلی میں جاری برف باری نے موسم کو خوشگوار کردیا ہے اور موسم سرما کی پہلی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیےسیاح کی بڑی تعداد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ موجود ہیں لیکن انتظامیہ کی نااہلی نے سیاحوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے.
تفصیلات کے مطابق موسم سرما کی پہلی برف باری کا سنتے ہی سیاحوں کا ہجوم گلیات اور نتھیا گلی میں اُمڈ آیا تھا اور تمام ہوٹلز بھر چکے ہیں لیکن کل سے جاری برف باری سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کے ناقص منصبہ بندی کے باعث سیاح مسائل میں گھر گئے ہیں.
گلیات اور نتھیا گلی میں محصور ایک خاتون سیاح نے میڈیا کو فون کر کے بتایا کہ برف باری کے باعث سیاح محصور ہو کر رہ گئے ہیں، گلیات جانے والی تمام سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہونے کی وجہ سے باہر نکلنا ناممکن ہے لیکن انتظامیہ سڑک کلیئر کروانے میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے.
متاثرہ خاتون سیاح نے کہا کہ شدید سردی ہے اور کل شام سے بجلی بھی بند ہے جس کے باعث ہیٹر بھی نہیں چل رہے ہیں اور گھر واپسی کے لیے سڑکیں تاحال بند ہیں ایسی صورت حال میں انتظامیہ نے برف باری جیسی نعمت کو زحمت بنادیا ہے چنانچہ ہماری مدد کی جائے.