پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

امریکا نے ضبط شدہ ایرانی بحری جہاز کے ارکان پاکستان منتقل کر دیے، پاکستانی دفتر خارجہ کی تصدیق

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن/اسلام آباد (04 مئی 2026): امریکا نے ضبط شدہ ایرانی بحری جہاز توسکا کے 22 ارکان کو پاکستان منتقل کر دیا ہے، پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی۔

اے بی سی نیوز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جس ایرانی جہاز کو امریکا نے اُس وقت قبضے میں لیا تھا جب اس نے امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی تھی، اسے اب اس کے عملے سمیت پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ اسے ایران واپس بھیجا جا سکے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا ’’آج امریکی افواج نے جہاز ایم وی توسکا کے 22 رکنی عملے کو پاکستان منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا تاکہ انھیں وطن واپس بھیجا جا سکے، 6 دیگر مسافر پہلے ہی گزشتہ ہفتے ایک علاقائی ملک منتقل کیے جا چکے تھے تاکہ انھیں بھی واپس بھیجا جا سکے۔‘‘


آبنائے ہرمز کی بحالی، امریکی فوج کا پیر سے آپریشن فریڈم شروع کرنے کا اعلان


ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ چھ افراد عملے کے بعض ارکان کے اہل خانہ تھے۔ ہاکنز نے کہا کہ جہاز توسکا کی تحویل اس کے اصل مالکوں کو واپس دی جا رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 19 اپریل کو جب جہاز کے عملے نے امریکی بحری جہازوں کی چھ گھنٹے تک دی گئی وارننگز کو نظر انداز کیا تو ایک امریکی ڈسٹرائر نے کنٹینر شپ کے انجن روم پر کئی فائر کیے۔ بعد ازاں امریکی میرینز نے جہاز پر چڑھائی کر کے اسے قبضے میں لے لیا۔

دفتر خارجہ پاکستان


ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی ہے کہ امریکا کے اعتماد سازی اقدام کے تحت ایرانی جہاز کے 22 ارکان پاکستان منتقل ہو گئے ہیں، ایرانی عملے کو آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا ایرانی جہاز کی مرمت کے بعد پاکستانی حدود میں لا کر مالکان کے حوالے کیا جائے گا، عملے اور جہاز کی واپسی ایران اور امریکا کے تعاون سے کی جا رہی ہے، پاکستان اعتماد سازی کے ایسے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں