کراچی (21 اپریل 2026): آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم جدید ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اس موقع پر ایڈشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، آئی ٹی، ٹریننگ اور سیف سٹی بھی آئی جی سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے آئی جی سندھ کو ٹریکس سسٹم، آپریشنل امور اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جاوید عالم اوڈھو نے ٹریکس کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کر کے انتظامی و تکنیکی امور کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھاری ٹریفک چالان سے پریشان شہریوں کیلیے خوشخبری!
انہوں نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور کنٹرول روم کا معائنہ کیا جبکہ عوامی سہولیات مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جدید ٹریکس کمپلیکس کے قیام سے ٹریفک نظم و نسق اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹکٹنگ سسٹم اور چالان کے عمل میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت کو مزید بڑھایا جائے۔
جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید یقینی بنایا جائے گا، ٹریکس نظام سے ای چالان، مانیٹرنگ اور شکایات کے ازالے کا عمل مزید مؤثر ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


