The news is by your side.

Advertisement

کراچی، تاجروں کا بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

کراچی: صوبائی وزیربلدیات ناصر حسین شاہ کی یقین دہانی پر تاجروں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیربلدیات سندھ ناصر شاہ تاجرایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے تاجر رہنماؤں سے مذاکرات کیے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ’سندھ حکومت نے این سی او سی کی ہدایت پر پابندی کا نفاذ کیا مگر اب تاثر دیا جارہا ہے کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے، ایسا نہیں ہے کیونکہ یہاں کیسز بہت زیارہ رپورٹ ہورہے ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کیسز میں اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں بھی پابندیاں سخت کی جارہی ہیں، سندھ میں پابندی کے وقت کیسز کی  تعداد 23 فیصد سے زائد تھی، عوام کے تعاون سےآج کرونا کیسز کی تعداد7 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ’تاجروں کےمسائل سے آگاہ ہیں اور ریلیف کیلئے بات چیت جاری ہے، پیرکو وزیراعلیٰ سندھ کو تاجروں کےمسائل سے آگاہ کیا جائےگا اور تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا‘۔

مزید پڑھیں: کراچی میں تاجر برادری کی بھوک ہڑتال، سندھ حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

صوبائی وزیر نے تاجروں سے دھرنا ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پیر کے روز ہونے والے کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد تاجروں کو اچھی خبر سُننے کو ملے گی۔

صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر تاجر ایکشن کمیٹی نے فوری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قبل ازیں تاجرایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج کو دوسرے مرحلے میں داخل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ کو احتجاجاً بند کردیا تھا۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ  مطالبات پورے نہ ہونےتک احتجاج جاری رہےگا اور میٹنگ کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں