کراچی : تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران تمام صنعتوں اور پیداواری یونٹس کو کام کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد کی ملاقات کی ہے اور اس دوران انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات بڑھانے کی تجویز دی۔
تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ شاپنگ پلازہ ، مارکیٹس رات 8 بجے تک کھولی جائیں، حکومت سندھ نے تاجروں کی درخواست پر سندھ حکومت کا جمعہ اور ہفتہ کو کاروبار کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا۔
مرزا اختیار بیگ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اس موقع پر تاجروں کی جانب سے ہوٹلز کے لیے ‘ڈائن ان’ کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیک اوے، ہوم ڈیلیوری کے اوقات رات 11 بجے تک کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کریں گے لیکن تمام صنعتوں اور پیداواری یونٹس کو کام کی اجازت دی جائے۔
اس موقع پر سندھ حکومت نے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں تاجروں کی تجاویز رکھیں گے، حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ اجلاس میں ہوگا۔