اتوار, جولائی 19, 2026
اشتہار

کراچی : ہزاروں گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیوں کیا گیا؟ اہم انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر قائد میں ای ٹکٹنگ نظام کے تحت 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد ان کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاری کرلی گئی۔

بلیک لسٹ قرار دی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو یکم جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی گاڑی کے تمام واجباب کی ادائیگی اور ریکارڈ کو درست کرواسکیں بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈی ایس پی ٹریکس ملہیر خان نے نامکمل ریکارڈ والی گاڑیوں کیخلاف کی جانے والی کارروائی سے متعلق تفصیل سے بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریکس سسٹم، سیف سٹی کیمروں، جدید آٹومیشن اور اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسی گاڑیوں کی ضبط کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جو مختلف بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیکنگ کے دوران بلیک لسٹ گاڑیوں کی کئی اقسام سامنے آئی ہیں پہلی قسم ان گاڑیوں کی ہے جو خرید و فروخت کے بعد نئے مالک کے نام منتقل نہیں کی گئیں۔

ایسی صورتحال میں اگر گاڑی کسی جرائم پیشہ عناصر یا ٹریفک خلاف ورزی میں استعمال ہوئی ہو تو تمام تر قانونی مشکلات سابق مالک کو پیش آتی ہیں۔

دوسری قسم ان گاڑیوں کی ہے جن کے مالکان نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں اپنا مکمل اور درست پتہ درج نہیں کروایا، پولیس کے مطابق نامکمل پتے کی وجہ سے خلاف ورزی کرنے والے افراد تک پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے۔

تیسری قسم ان گاڑیوں کی ہے جن پر ٹیکس، ای چالان اور دیگر سرکاری واجبات بقایا ہیں، ان کا کہنا تھا کہ متعدد شہری دانستہ طور پر سسٹم سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اور واجبات کی ادائیگیاں نہیں کرتے۔

ڈی ایس پی ٹریکس نے انکشاف کیا کہ ایک اور خطرناک رجحان بھی سامنے آیا ہے، جس میں بعض شہری دوسری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس استعمال کررہے ہیں۔ اس عمل کے باعث اصل مالک کو غلط ای چالان موصول ہوتے ہیں جبکہ یہ عمل مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی استعمال ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات پر فوری کریک ڈاؤن کے بجائے شہریوں کو سہولت دینے کے لیے ایک ماہ کا رعایتی وقت دیا گیا ہے۔

شہری سندھ پولیس کی ویب سائٹ پر موجود “ٹریکس” پورٹل پر جاکر اپنی گاڑی کا نمبر اور شناختی کارڈ نمبر درج کریں، جہاں انہیں معلوم ہوجائے گا کہ ان کی گاڑی کسی بلیک لسٹ کیٹیگری میں شامل ہے یا نہیں۔

ملہیر خان نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت کے بعد خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں گاڑی تحویل میں لے کر تھانے یا کمپاؤنڈ منتقل کرنا بھی شامل ہوسکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ گاڑیوں کے ریکارڈ کو شفاف اور محفوظ بنانا ہے تاکہ جرائم اور ٹریفک خلاف ورزیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

کراچی میں 40 ہزار گاڑیاں بلیک لسٹ ، اپنی گاڑی کا اسٹیٹس آن لائن کیسے چیک کریں؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں