فلوریڈا : امریکی ریاست فلوریڈا میں جون 2023 میں پیش آنے والا پڑوسی عورت کے ہاتھوں خاتون کے قتل کا ایک ہولناک واقعہ آج بھی پورے ملک میں زیر بحث ہے۔
سوسن لورنکز نامی ایک خاتون نے معمولی سی بات پر طیش میں آکر اپنی پڑوسی اور چار بچوں کی ماں 35 سالہ اجیکی “اے جے” اووینز کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک انسانی المیہ تھا بلکہ اس نے امریکہ کے متنازع “اسٹینڈ یور گراؤنڈ” قوانین پر بھی نئے سوالات کھڑے کر دیے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق جنوری 2021 سے جون 2023 کے عرصے میں دونوں خواتین کے درمیان ہونے والے جھگڑوں کی بنیاد پر کم از کم 6 مرتبہ پولیس کو کال کرکے بلایا گیا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق پڑوسی خواتین سوسن لورنکز اور اووینز کے درمیان بچوں کے کھیلنے کے معاملے پر طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا تھا، لورنکز اکثر محلے کے بچوں سے جھگڑتی، ان کی ویڈیوز بناتی اور پولیس کو بار بار شکایات درج کرواتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق وقوعہ کے روز بھی اووینز کے بچے قریبی میدان میں کھیل رہے تھے، جس پر لورنکز نے مبینہ طور پر ان پر غصے کا اظہار کیا اور 10 سالہ بچے پر رولر اسکیٹ پھینکی۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بچوں نے یہ بات جاکر اپنی ماں کو بتائی جس کے بعد اووینز اپنے بیٹے کے ہمراہ لورنکز کے فلیٹ پر گئی اور دروازہ کھٹکھٹایا۔
پولیس کے مطابق اووینز غیر مسلح تھیں، تاہم اسی لمحے لورنکز نے بند دروازے کے پیچھے سے ایک گولی چلائی جو دروازے میں سوراخ کرتے ہوئے اووینز کے سینے میں جا لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ملزمہ لورنکز نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس نے خود کو خطرے میں محسوس کرتے ہوئے فائرنگ کی، مگر تحقیقات کے بعد حکام نے اس دعوے کو مسترد کر دیا، چند دن بعد اسے گرفتار کرکے اس کیخلاف غیر ارادی قتل، غفلت، حملے اور دیگر الزامات کے تحت چالان کیا گیا۔
گزشتہ سال اگست 2024 میں ہونے والے مقدمے میں جیوری نے صرف دو گھنٹے کے غور و خوض کے بعد لورنکز کو مجرم قرار دیا جبکہ نومبر 2024 میں عدالت نے اسے 25 سال قید کی سزا سنا دی تھی۔
جج نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فائرنگ غیر ضروری تھی، کیونکہ دروازہ اندر سے بند تھا اور پولیس بھی راستے میں ہی تھی۔
مختصر یہ کہ فی الحال سوسن لورنکز جنوبی فلوریڈا کی ہوم اسٹیڈ کریکشنل انسٹیٹیوشن میں اپنی قید کے ایام گزار رہی ہے جہاں وہ 2048 تک سزا کاٹنے کی پابند ہے۔
یاد رہے کہ یہ کیس آج بھی امریکہ میں کالے گورے کے درمیان نسلی کشیدگی، اسلحے کی نمائش اور قوانین کے غلط استعمال کی ایک تلخ مثال سمجھا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



:max_bytes(150000):strip_icc():focal(749x0:751x2):format(webp)/Susan-Lorincz-6-101625-5550a90e657e4178bf8bba162b224dc0.jpg)
:max_bytes(150000):strip_icc():focal(749x0:751x2):format(webp)/Susan-Lorincz-5-101625-a823fe267b074be581aa24679f159877.jpg)
:max_bytes(150000):strip_icc():focal(749x0:751x2):format(webp)/Susan-Lorincz-3-101625-fc89658ae48f4930bda5ac5ae53dfe9e.jpg)