لاہور: صوبائی دارالحکومت میں دلخراش ٹریفک حادثے نے ماں اور تین بیٹوں کی زندگی کا چراغ گل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیروزپور روڈ بینک اسٹاپ کے قریب تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، اندوہناک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور تین بیٹے شامل ہیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک لاہور نے میڈیا کو بتایا کہ رمضان نامی شخص اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔
ڈی ایس پی ٹریفک عارف بٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں والدہ صبا، ایان، احمد اور الماس شامل ہیں، رمضان محلہ شریف پارک کائنہ کا رہائشی ہے، حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، بس کو تحویل میں لیکر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیروزپور روڈ حادثے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ڈرائیور کیخلاف کارروائی کا حکم بھی جاری کیا۔