ٹرین حادثہ؛ جاں بحق 9 افراد کی شناخت تاحال نہ ہو سکی

گھوٹکی میں گزشتہ روز پیش آنے والے المناک ٹرین حادثے میں جاں بحق 9 افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شناخت نہ ہونے والی 9 لاشیں رحیم یارخان کے سردخانے میں موجود ہیں اور لواحقین اپنے پیاروں کی شناخت کے لیے سردخانے آ سکتے ہیں۔
دو ٹرینوں کےٹکرانے کے نتیجے میں 66 افرادلقمہ اجل بنےتھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 16بچے، 19خواتین اور 31مرد شامل ہیں۔
جاں بحق 57 افراد کی لاشیں شناخت کے بعد ورثا کےحوالےکر دی گئی ہیں اور لواحقین میتیں لے کر آبائی علاقوں میں روانہ ہو گئے ہیں۔
حادثے کے 35 گھنٹے بعد متاثرہ اپ ڈاؤن ٹریک بحال کر دیا گیا۔ سندھ اور پنجاب کے مختلف اسٹیشنز پر کھڑی گاڑیوں کو روانہ کیا گیا۔
وفاقی وزیرریلوے اعظم سواتی نے شیخ زید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سےکھیلنےوالوں کونشان عبرت بنائیں گے، ریلوےحکام کی غفلت سےحادثےپرحادثہ ہوا۔
اعظم سواتی کاکہنا تھا کہ ریلوےکےکرپٹ افسران کےخلاف جہادکااعلان کردیاہے ، کرپشن کے خلاف جاری جہادکو انجام تک پہنچاؤں گا، عملے کی بجائے ذمہ دارافسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔